15 جولائی 2013 - 19:30
پاکستانی معیشت دن بدن کمزور اور دہشت گرد مضبوط ہو رہے ہیں

فلاحی رضا کاروں سے خطاب میں سربراہ سنی تحریک نے کہا کہ سیاست کو جھوٹ، فریب، مکاری اور ذاتی مفادات کا شاخسانہ بنا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کے حقوق پائمال ہو رہے ہیں۔

ابنا: سربراہ پاکستان سنی تحریک و چیئرمین اہلسنت خدمت فاونڈیشن محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیاست کو خدمت سمجھ کر کیا جائے تو معاشرے میں بھی ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹنے کا جذبہ پیدا ہوگا اور فلاحی کاموں کی شمع روشن ہوگی۔ بدقسمتی سے سیاست کو جھوٹ، فریب، مکاری اور ذاتی مفادات کا شاخسانہ بنا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کے حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ ملک کی معیشت دن بدن کمزور اور دہشت گرد مضبوط ہو رہے ہیں۔ فلاحی ریاست کے تصور کو حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے چکنا چور کر دیا ہے۔ پی ایس ٹی کے ذیلی شعبہ اہلسنت خدمت فاونڈیشن کے تحت ہر سال کی طرح امسال بھی غریبوں، یتیموں، بیواوں، مسکینوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہل سنت پر اہلسنت خدمت فاونڈیشن کے رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔   ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اہلسنت خدمت فاونڈیشن کے تحت کراچی سمیت پورے ملک میں فری ڈسپنسریاں، اسپتال ایمبولینس سروسز عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔ جبکہ ناگہانی آفات، زلزلہ، طوفان، سیلابوں اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو امداد پہنچانے کا کام بھی رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر اہلسنت خدمت فاونڈیشن نے بخوبی انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت خدمت فاونڈیشن خدمت کے جذبے کے تحت مصیبت زدہ افراد کی کفایت اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے شب و روز کوشاں ہے اور اس سلوگن کے ساتھ ”خدمت سب کیلئے“ پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے اور عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی اور اپنے اسلاف کے خواب کو حقیقی جامہ پہنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی۔ ......./169